سیاست
امریکا اور چین کے تعلقات میں صدارتی دوروں کی اہم تاریخ
امریکا اور چین کے تعلقات میں صدارتی دوروں کی ایک طویل اور اہم تاریخ موجود ہے جس نے عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ اس سلسلے کا آغاز 1972 میں اس وقت ہوا جب امریکی صدر رچرڈ نکسن نے تاریخی دورۂ بیجنگ کیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی برف پگھلانے کا نقطۂ آغاز قرار دیا جاتا ہے۔
1949 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر سات امریکی صدور چین کا دورہ کر چکے ہیں، جبکہ جمی کارٹر اور جو بائیڈن واحد امریکی صدور ہیں جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں چین کا کوئی سرکاری دورہ نہیں کیا۔
رچرڈ نکسن کے بعد جیرالڈ فورڈ نے 1975 میں چین کا دورہ کیا، جبکہ رونالڈ ریگن 1984 میں بیجنگ پہنچے۔ جارج ایچ ڈبلیو بش نے 1989 میں چین کا سفر کیا۔
بعد ازاں بل کلنٹن نے 1998 میں چین کا دورہ کیا، جبکہ جارج ڈبلیو بش نے اپنے دور صدارت میں سب سے زیادہ چار مرتبہ 2001، 2002، 2005 اور 2008 میں چین کا سفر کیا۔
سابق امریکی صدر براک اوباما نے بھی 2009، 2014 اور 2016 میں تین مرتبہ چین کا دورہ کیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور اقتدار میں 2017 میں چین کا دورہ کیا تھا، اور اب 2026 میں ایک بار پھر چین پہنچے ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان پیچیدہ تعلقات کے ایک نئے باب پر گفتگو متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دورے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان براہ راست رابطے عالمی سیاست، تجارت اور سکیورٹی کے معاملات میں کس قدر اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
