اہم خبریں
ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کی دھوم: کبڈی میں شاندار فتح، فائقہ ریاض اور سمیع اللّٰہ فائنل میں پہنچ گئے
چین کے شہر ثانیہ میں جاری ایشین بیچ گیمز میں پاکستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔
کبڈی ایونٹ میں پاکستان نے روایتی حریف بنگلا دیش کو 30 کے مقابلے 43 پوائنٹس سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
ایتھلیٹکس میں بھی پاکستان کے اسپرنٹرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ خواتین کی ساٹھ میٹر دوڑ میں فائقہ ریاض نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ تامین خان فائنل میں جگہ نہ بنا سکیں۔
مردوں کی ساٹھ میٹر دوڑ میں سمیع اللّٰہ نے بھی اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے فائنل میں رسائی حاصل کی، جس سے پاکستان کے لیے مزید کامیابیوں کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کر رہی ہے اور مستقبل کے مقابلوں کے لیے حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
