ٹیکنالوجی
سپارکو کی پیشگوئی، عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہونے کا امکان
سپارکو نے ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پیشگوئی جاری کردی ہے۔
سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کا نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ادارے کے مطابق 17 مئی کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے موافق تصور کی جارہی ہے۔
سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے، جس سے چاند نظر آنے کے امکانات مزید روشن ہوجاتے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حدِ نگاہ بہتر ہو۔
فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 17 مئی کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آسکتا ہے، جس کے بعد یکم ذوالحجہ 18 مئی 2026 بروز پیر متوقع ہوگی۔
سپارکو کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے، تاہم چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں کی بنیاد پر فیصلہ سناتی ہے۔
