سیاست
امریکی بحریہ قزاقوں کی طرح کام کر رہی ہے، ٹرمپ کا بیان
امریکی صدر نے ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکی بحری کارروائیوں کے حوالے سے ایک غیر معمولی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی بحریہ “قزاقوں” کی طرح کام کر رہی ہے۔
فلوریڈا میں جمعہ کے روز خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے چند روز قبل ایک ایرانی جہاز کو قبضے میں لینے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز نے جہاز، اس پر موجود سامان اور تیل سب کچھ اپنے قبضے میں لے لیا۔
انہوں نے کہا، “ہم قزاقوں کی طرح ہیں، ہم ایک طرح سے بحری قزاقوں جیسا کام کر رہے ہیں، لیکن ہم کوئی کھیل نہیں کھیل رہے۔”
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ کے دوران امریکی فورسز نے ایرانی بندرگاہوں سے نکلنے والے متعدد جہازوں اور ایشیائی سمندروں میں موجود ایرانی آئل ٹینکروں کو بھی قبضے میں لیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے جنگ کے آغاز سے ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تقریباً تمام جہازوں کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے، جبکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی اپنی سطح پر ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ اس جنگ کا آغاز 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے ہوا تھا، جس کے بعد ایران نے اسرائیل اور ان خلیجی ممالک پر حملے کیے جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔
ماہرین کے مطابق خلیج میں بڑھتی کشیدگی اور سمندری راستوں کی بندش کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز دنیا بھر میں تیل اور گیس کی ترسیل کا ایک انتہائی اہم راستہ سمجھا جاتا ہے۔
