سیاست
حکومت کا گیس سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ، جنوری 2027 تک رعایتیں بند ہوں گی
حکومت نے گیس صارفین کو دی جانے والی 140 ارب روپے کی کراس سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت جنوری 2027 تک تمام رعایتیں مکمل طور پر ختم کردی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت گیس اور بجلی پر سبسڈی اب استعمال کے بجائے آمدنی کی بنیاد پر دی جائے گی تاکہ صرف مستحق افراد کو سہولت فراہم کی جاسکے۔
حکومت نے گیس سیکٹر میں اصلاحات کے سلسلے میں کراس سبسڈی کے نظام کو ختم کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس منصوبے کے تحت صنعتوں، سی این جی، کمرشل اداروں اور سیمنٹ سیکٹر پر موجود اضافی مالی بوجھ کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام صارفین کے لیے یکساں اوسط گیس نرخ مقرر کرنے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ کم آمدنی والے گھرانوں کو براہِ راست مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد میں اوسط گیس ٹیرف 1750 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے جبکہ محفوظ صارفین اب بھی کم نرخ ادا کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت سبسڈی کے نظام کو مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا۔
