اہم خبریں
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا دھماکہ، فی تولہ سونا 11 ہزار روپے مہنگا
عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں تین روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد عوام اور سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 111 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 666 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس بڑے اضافے کے اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں پر بھی فوری طور پر دیکھنے میں آئے۔
آل پاکستان صرافہ مارکیٹ کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 11 ہزار 100 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 88 ہزار 962 روپے تک جا پہنچی، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 517 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 19 ہزار 206 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فی تولہ چاندی 223 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 72 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 191 روپے اضافے کے بعد 6 ہزار 920 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
