سیاست
خیبر پختونخوا کابینہ کے متعدد اہم فیصلے، گندم خریداری اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ترقیاتی، تعلیمی، صحت اور زرعی شعبوں سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
معاونِ خصوصی اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کابینہ فیصلوں سے متعلق جاری بیان میں بتایا کہ کابینہ نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل 2026ء کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقلیتی طلباء کے لیے 11 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے جبکہ دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتوں کے انڈومنٹ فنڈ کو بڑھا کر 30 کروڑ روپے کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
شفیع جان کے مطابق مردان، نوشہرہ اور ہری پور میں مختلف واقعات سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکیجز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 16 کروڑ 81 لاکھ روپے گرانٹ اِن ایڈ بھی منظور کر لی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا ذیلی ادارہ قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کے پی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی حکومت نے مینگورہ سوات میں کڈنی اسپتال کو جدید کڈنی ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کے لیے 18 کروڑ روپے اضافی گرانٹ کی منظوری بھی دی ہے۔
زرعی شعبے سے متعلق اہم فیصلے میں کابینہ نے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دی، جبکہ گندم کی سرکاری قیمت 3 ہزار 500 روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہے۔
شفیع جان کے مطابق گندم خریداری پر مجموعی طور پر 19 ارب 68 کروڑ روپے لاگت آئے گی، جس کا مقصد کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا اور صوبے میں گندم کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
