صحت
پنجاب میں زچگی و نوزائیدہ بچوں کی صحت کیلئے تاریخی اقدام، 70 مڈوائفری سکولز قائم کرنے کا اعلان
پنجاب حکومت نے ماں اور نومولود بچوں کی صحت کو بہتر بنانے اور محفوظ زچگی کو فروغ دینے کیلئے ایک بڑا اور تاریخی اقدام کرتے ہوئے صوبے بھر میں 70 مڈوائفری سکولز قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت شروع کیا جا رہا ہے، جس میں محکمہ صحت و آبادی اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
حکام کے مطابق ضلع اور تحصیل سطح پر نرسنگ اور مڈوائفری کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔ ان پروگرامز کی نگرانی ایچ ایس اے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان اور اسکول آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری کی ڈین ڈاکٹر مریم سرفراز کریں گی۔
اس منصوبے کا مقصد تربیت یافتہ مڈوائفز تیار کرنا ہے تاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے دورانِ زچگی پیچیدگیوں اور نومولود بچوں کی اموات میں نمایاں کمی آئے گی۔
حکام نے اس منصوبے کو خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا کمیونٹی بیسڈ ہیلتھ کیئر پروگرام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پنجاب میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
