Connect with us

سیاست

پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کا احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

Published

on

پاکستان تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور آئین کے تحفظ کے لیے ملک گیر جلسوں، جلوسوں اور احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے۔

لاہور میں ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ کسی سیاسی جماعت سے اس کا انتخابی نشان واپس لے لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں فیصلے منتخب پارلیمنٹ کو کرنے چاہییں، نہ کہ غیر منتخب قوتوں کو۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ “مائنس عمران خان” کی ہر کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پرامن سیاسی سرگرمیوں کا راستہ روکا گیا تو ملک بھر میں جیلیں بھر جائیں گی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی کی سیاست کا محور صرف عمران خان ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی اور صحت سب سے اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان اور نوجوان شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پارٹی عمران خان کی قیادت میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے اور پی ٹی آئی کسانوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی عمران خان کی ہے اور کوئی بھی ان کی جگہ نہیں لے سکتا۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر میں جلسے جلوس شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *