سیاست
وزیراعلیٰ کے پی ڈپریشن کا شکار، دو بار استعفیٰ لکھ چکے ہیں: اختیار ولی
اختیار ولی نے دعویٰ کیا ہے کہ سہیل آفریدی شدید دباؤ اور سیاسی حالات کے باعث ڈپریشن کا شکار ہیں اور دو مرتبہ استعفیٰ بھی لکھ چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اختیار ولی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کو اندرونی طور پر پاکستان تحریک انصاف اور بیرونی طور پر عوامی تنقید کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہی حالات کے باعث وزیراعلیٰ ذہنی دباؤ میں ہیں اور دو مرتبہ استعفیٰ تحریر کر چکے ہیں۔ اختیار ولی نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام بھی اب حکومت کی “ڈرامے بازی” کو سمجھ چکے ہیں، اس لیے بہتر ہوگا کہ اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کروائے جائیں تاکہ تازہ مینڈیٹ سامنے آ سکے۔
انہوں نے صوبائی حکومت کی قلم چھوڑ ہڑتال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے، صوبہ مسلسل انتظامی بحران کا شکار ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں 25 ہزار ایسے اسکول موجود ہیں جہاں نہ پانی کی سہولت ہے اور نہ واش رومز۔
اختیار ولی نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں اگر کوئی چیز ترقی کر رہی ہے تو وہ کرپشن ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کرنے والوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کا ترقیاتی بجٹ جلسوں، ریلیوں اور سوشل میڈیا مہمات پر خرچ کیا جا رہا ہے، جبکہ 2022 میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے لیے 13 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔
