سیاست
مکہ مکرمہ میں جعلی حج پرمٹ بنانے والا گروہ بے نقاب، 18 غیر ملکی گرفتار
سعودی عرب میں حج 2026 کے انتظامات اور سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کیلئے جاری کارروائیوں کے دوران مکہ مکرمہ پولیس نے جعلی حج پرمٹ، نسک کارڈ اور رسٹ بینڈ تیار کرنے والے 18 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار افراد میں پاکستانی اور افغان شہری بھی شامل ہیں، جن پر حج سے متعلق جعلی دستاویزات اور شناختی مواد تیار کرنے کا الزام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی حج 2026 کے دوران حجاج کرام کی سلامتی، امن و امان اور بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے جاری وسیع تر کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ سعودی حکام غیر قانونی نیٹ ورکس اور جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ تمام گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کیا ہے کہ جعلی حج پرمٹ یا غیر قانونی حج انتظامات میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
