سیاست
پنجاب میں اب سفارش پر نوکری نہیں ہوگی: مریم نواز کا دوٹوک اعلان
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں سرکاری محکموں میں کوئی بھی بھرتی سیاسی بنیادوں یا سفارش پر نہیں ہوگی بلکہ مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
لاہور میں “ستھرا پنجاب” ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اداروں میں سیاسی مداخلت کو گناہ سمجھتی ہیں اور ان کا ایمان ہے کہ حق دار کا حق مار کر کسی اور کو نوازنا نہ صرف انتظامی بدانتظامی بلکہ اخلاقی جرم بھی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے دورِ حکومت میں کسی قسم کی سفارش نہیں چلے گی اور نہ ہی کسی کو وزیرِ اعلیٰ کی سفارش پر نوکری دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارش پر بھرتی ہونے والے افراد کارکردگی نہیں دکھاتے کیونکہ وہ خود کو جوابدہی سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
مریم نواز نے سرکاری افسران اور “ستھرا پنجاب” ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی سیاسی یا بااثر دباؤ کو مسترد کریں اور غیر قانونی احکامات کو ہرگز قبول نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی دباؤ برداشت نہیں کر سکتا تو وہ عہدہ چھوڑ دے لیکن نظام کے ساتھ کھلواڑ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود ہر ضلع میں صفائی اور کارکردگی کی نگرانی کر رہی ہیں اور صرف وہی افسران اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے جو نتائج دیں گے۔ “ستھرا پنجاب” ٹیم کو ہدایت دی گئی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صرف عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔
