تجارت
پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، موٹروے پولیس اور ٹریفک پولیس کے جرمانے فوری طور پر ختم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے اور ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا مؤثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹرک اور ٹرالر مالکان کو دی جانے والی 80 ہزار روپے کی سبسڈی انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ایک ٹرالر کے ایک چکر پر تقریباً 2 لاکھ روپے اضافی خرچ آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ماہ میں چار چکر لگانے والے ٹرالر کے اخراجات میں تقریباً 8 لاکھ روپے اضافہ ہو چکا ہے، جس کے اثرات ملک بھر میں مہنگائی کی صورت میں بھی سامنے آ رہے ہیں۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ موجودہ جنگی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ کا کاروبار پہلے ہی شدید متاثر ہے، اور اگر حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو ملک میں ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہو سکتا ہے۔
