تجارت
ایلون مسک دنیا کے پہلے کھرب پتی بننے کے قریب، دولت 1 ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان
دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک دنیا کے پہلے “ٹریلین ائیر” بننے کے انتہائی قریب پہنچ گئے ہیں۔
مالیاتی ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے اسپیس ایکس کے متوقع آئی پی او کے بعد کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.77 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں ایلون مسک کی مجموعی دولت بڑھ کر 1.11 ٹریلین ڈالر ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ٹریلین ڈالر کی دولت کا تصور عام انسان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص ہر گھنٹے میں 10 لاکھ ڈالر خرچ کرے تو بھی اسے ایک ٹریلین ڈالر خرچ کرنے میں تقریباً 100 سال لگ جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی ممکنہ دولت دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک کی مجموعی قومی پیداوار سے زیادہ ہوگی۔ تائیوان، آئرلینڈ، سویڈن اور سنگاپور جیسے مضبوط معیشت رکھنے والے ممالک کی جی ڈی پی بھی ان کی متوقع دولت سے کم بتائی جا رہی ہے۔
اسی طرح امریکی شہر ہیوسٹن کی تمام رہائشی اور تجارتی جائیدادوں کی مجموعی مالیت تقریباً 879 ارب ڈالر ہے، جو ایلون مسک کی ممکنہ دولت سے نمایاں طور پر کم ہے۔
اگر یہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں تو ایلون مسک نہ صرف دنیا کے امیر ترین فرد رہیں گے بلکہ تاریخ کے پہلے کھرب پتی شخص بھی بن جائیں گے۔
