کھیل
شاہد آفریدی کا اقوامِ متحدہ ہیڈکوارٹر کا دورہ، کھیلوں کی سفارتکاری کے کردار پر زور
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد کی دعوت پر نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران شاہد آفریدی کو اقوامِ متحدہ کے عالمی امن، بین الاقوامی سلامتی، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر شاہد آفریدی کی ملاقات پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد سے بھی ہوئی، جنہوں نے کرکٹ کے میدان میں ان کی خدمات اور سماجی فلاح و بہبود کے شعبے میں ان کی انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیوں کو سراہا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کھیلوں کی سفارتکاری دنیا بھر کے لوگوں اور قوموں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق کھیل باہمی احترام، تعاون اور مثبت تعلقات کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
شاہد آفریدی نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور عالمی سطح پر مکالمے، باہمی سمجھ بوجھ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مشن کی کاوشوں کو سراہا۔
دورے کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کھیل نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہیں بلکہ امن، خیر سگالی اور عالمی برادری کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
بعد ازاں شاہد آفریدی کے اعزاز میں ایک خصوصی عشائیہ بھی دیا گیا، جس میں سینئر سفارتکاروں اور اقوامِ متحدہ میں تعینات پاکستانی مشن کے اراکین نے شرکت کی۔
یہ دورہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیلوں کے ذریعے دنیا بھر میں امن، تعاون اور مثبت روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
