فن و ثقافت
کنگ چارلس سوم واقعی لوگوں کی بات سنتے ہیں، ملاقات کے بعد ماہرہ خان کا اظہارِ خیال
پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے برٹش ایشین ٹرسٹ کے سالانہ عشائیے میں برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی سنجیدگی اور لوگوں کے مسائل میں دلچسپی سے بے حد متاثر ہوئیں۔
ماہرہ خان نے برٹش ایشین ٹرسٹ کی تقریب میں پاکستان کے لیے ذہنی صحت کی سفیر کے طور پر شرکت کی۔ تقریب کے بعد انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اس شام کو ’’اہم اور مثبت گفتگوؤں سے بھرپور‘‘ قرار دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ بطور ذہنی صحت سفیر کام کرنے پر فخر ہے، کیونکہ یہ ادارہ لاکھوں افراد تک پہنچ کر ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور لوگوں کے لیے مددگار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
کنگ چارلس سوم سے ملاقات کے بارے میں ماہرہ خان نے لکھا کہ ان کی گفتگو کے بعد سب سے نمایاں بات یہ تھی کہ وہ واقعی لوگوں کی بات سنتے ہیں۔ ان کے بقول، ’’آپ ان کے سوالات اور سننے کے انداز سے محسوس کر سکتے ہیں کہ وہ واقعی پروا کرتے ہیں۔‘‘
ماہرہ خان کی اس پوسٹ کو مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ اداکارہ ایمن خان سمیت کئی معروف شخصیات نے انہیں پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔
