تجارت
سونے کی قیمت میں بڑی کمی، پاکستان میں فی تولہ سونا ہزاروں روپے سستا
ملکی اور عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمت کم ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 57 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 7 ہزار 546 روپے ہوگئی۔
اسی طرح فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 400 روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ 75 ہزار 362 روپے کی سطح پر آگئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی ایک ڈالر 53 سینٹس سستی ہونے کے بعد 76 ڈالر 33 سینٹس پر آگئی، جس کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں میں بھی دیکھے گئے۔
مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 153 روپے کمی کے بعد 8 ہزار 117 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 131 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 959 روپے کی سطح پر آگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 24 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 530 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کرنے لگی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور سرمایہ کاروں کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر براہِ راست اثر انداز ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جب فی تولہ سونا 4 ہزار 600 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 77 ہزار 762 روپے تک پہنچ گیا تھا۔
