موسم اور ماحول
گلیشیئرز اور برفانی ذخائر کا تحفظ قومی ترجیح ہے، ڈاکٹر شیزرا منصب علی
وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر شیزرا منصب علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پہاڑی سلسلے اور گلیشیئرز ملکی آبی سلامتی کی بنیاد ہیں، جن کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ماؤنٹین گلیشیئر پروٹیکشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پانی کے ذخائر اور مقامی آبادیوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
ڈاکٹر شیزرا منصب علی خان نے کہا کہ پاکستان کے پہاڑی علاقے ملک کے لیے لائف لائن کی حیثیت رکھتے ہیں اور گلیشیئرز و برفانی ذخائر کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر شروع کی گئی ’’ڈی کیڈ آف کرائیوسفیرک سائنسز‘‘ سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے عالمی یومِ ماحولیات کے انعقاد پر پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور ماؤنٹین گلیشیئر پروٹیکشن آرگنائزیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے حکومت، مقامی کمیونٹیز اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
وزیر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی، گلیشیئرز کے تحفظ اور پہاڑی علاقوں میں آباد افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔
