تجارت
پٹرول سستا، ڈیزل مہنگا؟ حکومت آج رات نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی
اسلام آباد: عوام کے لیے پٹرول کی قیمت میں معمولی ریلیف جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل استعمال کرنے والوں کے لیے بڑے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز زیر غور ہے، جس سے موٹر سائیکل اور نجی گاڑی استعمال کرنے والے شہریوں کو محدود ریلیف مل سکتا ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور درآمدی لاگت میں تبدیلی کے بعد نئی قیمتوں کی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ پندرہ روزہ جائزے میں حکومت نے پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی۔
اس وقت ملک میں پٹرول کی سرکاری قیمت 381 روپے 78 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے مشاورت کے بعد آج رات نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا فوری اطلاق ہوگا۔
