تجارت
ایئرلائنز کو ریلیف، عوام پر بوجھ: جیٹ فیول سستا، پیٹرول اور ڈیزل مہنگے
حکومت نے ایک جانب ایئرلائنز کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی ہے، جبکہ دوسری جانب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق کمرشل طیاروں کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں پچھتر روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت تین سو چھیانوے روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر ایک سو بیس روپے تک کمی کی جا چکی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں چھبیس روپے ستتر پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد لیوی ایک سو سات روپے اڑتیس پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت تین سو ترانوے روپے پینتیس پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی چھبیس روپے ستتر پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل تین سو اسی روپے انیس پیسے فی لیٹر کا ہو گیا ہے۔
تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں تریسٹھ روپے ساٹھ پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، اور نئی قیمت تین سو پینسٹھ روپے اکیس پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر کیے گئے ہیں، تاہم عوامی حلقوں کی جانب سے ان اقدامات پر شدید ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔
