تجارت
ملک بھر میں 5 ارب 78 کروڑ روپے کی بجلی چوری کا انکشاف، پشاور سرفہرست
ملک بھر میں بجلی چوری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے قومی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جبکہ ایک تازہ آڈٹ رپورٹ میں گزشتہ 2 سالوں کے دوران 5 ارب 78 کروڑ روپے سے زائد کی بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور، حیدرآباد اور لاہور ریجن بجلی چوری میں سرفہرست رہے، جبکہ اسلام آباد میں بھی 7 کروڑ 46 لاکھ روپے کی بجلی چوری سامنے آئی۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2022-23 اور 2023-24 کے دوران 2 لاکھ 62 ہزار 740 صارفین نے ڈائریکٹ کنکشن، کنڈے، میٹر ٹیمپرنگ اور جعلی میٹرز کے ذریعے بجلی چوری کی۔
رپورٹ کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک ارب 84 کروڑ روپے، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک ارب 61 کروڑ روپے جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ایک ارب 35 کروڑ روپے کی بجلی چوری ہوئی۔
آڈٹ رپورٹ میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے چوری میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر قانونی اور محکمانہ کارروائی کرنے میں ناکام رہے۔
