تجارت
پاکستان کا حج فلائٹ آپریشن آخری مرحلے میں داخل، 87 فیصد سرکاری عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
پاکستان کا حج فلائٹ آپریشن اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں سرکاری اسکیم کے تحت تقریباً 87 فیصد عازمین حج گزشتہ ایک ماہ کے دوران 388 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 3 ہزار 513 عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ باقی 15 ہزار 321 عازمین آئندہ 96 گھنٹوں میں روانہ ہو جائیں گے۔ حج مناسک کا آغاز 7 اور 8 ذوالحجہ کی درمیانی شب سے ہوگا۔
حکام کے مطابق حج آپریشن کے دوران 184 پروازیں مدینہ منورہ جبکہ 229 پروازیں جدہ پہنچیں۔ اس وقت تقریباً 95 فیصد پاکستانی عازمین مکہ مکرمہ جبکہ 5 فیصد مدینہ منورہ میں مقیم ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ فلاحی عملے کا 96 فیصد حصہ، جس میں معاونین حج، طبی ٹیمیں اور تکنیکی عملہ شامل ہے، سعودی عرب میں مختلف مقامات پر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے تاکہ عازمین کو رہنمائی، طبی سہولیات اور دیگر ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ میں ٹرانسپورٹ سہولیات میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جہاں 469 شٹل بسیں چوبیس گھنٹے عازمین کو رہائش گاہوں سے حرم شریف تک لے جانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق مدینہ منورہ میں اب تک 38 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین کو ریاض الجنہ کی زیارت کی سعادت بھی حاصل ہو چکی ہے۔
