ٹیکنالوجی
صرف ایک گیلن ایندھن پر 2145 میل چلنے والی حیرت انگیز کار تیار
دنیا بھر میں جہاں آٹو انڈسٹری کی توجہ الیکٹرک گاڑیوں پر مرکوز ہے، وہیں امریکا کی بریگھم ینگ یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک ایسی تجرباتی کار تیار کی ہے جو ایندھن کی بچت کے حوالے سے ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔
‘سپر مائلیج’ نامی یہ گاڑی صرف ایک گیلن یعنی تقریباً 3.8 لیٹر ایندھن پر 2145 میل تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ کار سالانہ شیل ایکو-ماراتھون مقابلے کے لیے تیار کی گئی ہے، جہاں شرکاء کا مقصد کم سے کم ایندھن استعمال کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنا ہوتا ہے۔
اس منفرد گاڑی کا وزن صرف 49 کلوگرام ہے اور اسے کاربن فائبر سے تیار کیا گیا ہے تاکہ وزن انتہائی کم رکھا جا سکے۔ اس کا ڈیزائن نہایت ہموار اور ایروڈائنامک ہے، جو ہوا کی مزاحمت کو کم کر کے ایندھن کی بچت میں مدد دیتا ہے۔
گاڑی میں صرف 30 ملی لیٹر گنجائش کا ایک چھوٹا ایندھن ٹینک نصب کیا گیا ہے، جو ایک عام ٹیسٹ ٹیوب سے کچھ ہی بڑا ہے۔ تاہم اس محدود ایندھن کے باوجود گاڑی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
طلبہ کے مطابق اگر نظریاتی حساب لگایا جائے تو یہ گاڑی یوٹاہ سے نیویارک تک کا فاصلہ صرف ایک گیلن ایندھن میں طے کر سکتی ہے۔ تاہم اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار صرف 37 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور ہر 20 میل بعد ایندھن دوبارہ بھرنا پڑتا ہے۔
اس گاڑی میں وزن کم رکھنے کے لیے تقریباً تمام روایتی سہولیات ختم کر دی گئی ہیں۔ حتیٰ کہ ڈرائیور کے قد اور وزن کے لیے بھی مخصوص حدود مقرر کی گئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ سپر مائلیج کو تجارتی استعمال کے لیے نہیں بنایا گیا، لیکن یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انجینئرنگ اور ڈیزائن میں جدت کے ذریعے روایتی ایندھن والی گاڑیوں کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری لائی جا سکتی ہے۔
