Connect with us

تجارت

ایران معاہدے کے بعد معاشی بہتری کی امید، پاکستان نے 2027ء کے لیے بڑے اہداف مقرر کر دیے، محمد اورنگزیب

Published

on

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران معاہدے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے بعد پاکستان کو اپنی معاشی صورتحال میں بہتری کی توقع ہے، جبکہ مالی سال 2027ء کے لیے معاشی ترقی کے اہم اہداف مقرر کر دیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بجٹ میں فوری تبدیلی کرنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور سپلائی چینز متاثر ہوئیں، جن کی مکمل بحالی میں وقت درکار ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ تنازع کے باعث مہنگائی دوبارہ دو ہندسوں میں پہنچ گئی تھی، تاہم حکومت نے مالی سال 2027ء کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد اور مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا ہے۔

وزیرِ خزانہ کے مطابق دفاعی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ کرتے ہوئے انہیں 3 کھرب روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت زیادہ ٹیکس وصولیوں پر انحصار کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان قرضوں کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بعض دوطرفہ قرضوں کی جگہ کمرشل قرضے لینے پر غور کر رہا ہے، تاہم بیرونی قرضوں کے مجموعی حجم میں اضافہ مقصود نہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کے 3.4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس واپس کیے اور ساتھ ہی اماراتی کمرشل بینکوں سے مالی معاونت بھی حاصل کی۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان مزید پانڈا بانڈز، یورو بانڈز اور امریکی ڈالر بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ آئندہ مالی سال میں 2.82 ارب ڈالر کی کمرشل اور یورو بانڈ فنانسنگ متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈز جاری کرنے کی منظوری حاصل ہے جبکہ پہلے 250 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈ اجراء کو 95 فیصد ضمانت حاصل تھی۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت کرپٹو کرنسی، ٹوکنائزیشن اور ڈیجیٹل اثاثہ ایکسچینجز کے لیے ریگولیٹری فریم ورک متعارف کروائے گی، جس کے بعد ان شعبوں پر ٹیکس عائد کرنے پر غور کیا جائے گا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *