تجارت
پیپلز پارٹی کا بجٹ سے قبل بڑا مطالبہ، تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کی تجویز
پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ سے قبل حکومت کے سامنے اہم معاشی تجاویز پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق پارٹی نے مہنگائی اور بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات کے پیش نظر ملازمت پیشہ اور غریب طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد تجاویز حکومت کو پیش کی ہیں۔
پارٹی کا مؤقف ہے کہ موجودہ مہنگائی کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ عوام کو معاشی دباؤ سے کچھ ریلیف مل سکے۔
پیپلز پارٹی نے کم از کم ماہانہ اجرت بڑھا کر 60 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ مزدور طبقے کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی نے بجٹ میں کسی بھی قسم کے نئے ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عوام پہلے ہی بھاری ٹیکسوں اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے قومی آمدن بڑھانے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کے مطالبے سے اتفاق نہیں کر رہی، جس کے باعث بجٹ سے قبل سیاسی اور معاشی حلقوں میں بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
