تجارت
مٹی کا تیل مزید مہنگا، اوگرا نے قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 272 روپے فی لیٹر تھی۔
اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور صارفین آج سے نئی قیمت پر مٹی کا تیل خرید سکیں گے۔
دوسری جانب حکومت نے حالیہ ہفتہ وار جائزے میں پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے خصوصاً دیہی اور سرد علاقوں کے صارفین متاثر ہو سکتے ہیں جہاں یہ ایندھن گھریلو استعمال میں زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
