تجارت
ڈالر کے نوٹ پر ٹرمپ کی تصویر؟ امریکا میں نئی تجویز پر سیاسی ہلچل
امریکا میں ایک نئے قانون سازی کے بل کے تحت 250 ڈالر کے کرنسی نوٹ پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو تقریباً ڈیڑھ صدی بعد پہلی بار کسی زندہ شخصیت کی تصویر امریکی کرنسی نوٹ پر نظر آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال امریکی محکمہ خزانہ میں تعینات صدر ٹرمپ کے دو قریبی عہدیداروں نے بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ کے عملے کو ابتدائی نمونے تیار کرنے کی ہدایت دی تھی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ امریکی قوانین زندہ افراد کی تصاویر کو کرنسی نوٹوں پر چھاپنے کی اجازت نہیں دیتے۔ اسی تناظر میں بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ کی ڈائریکٹر پیٹریشیا سولیمین نے قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی اداروں پر سیاسی اور شخصی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ حامی حلقے اسے ٹرمپ کی سیاسی مقبولیت اور اثرات کا اعتراف قرار دے رہے ہیں۔
یہ تجویز ایسے وقت سامنے آئی ہے جب امریکا میں ٹرمپ کے نام اور شخصیت کو مختلف سرکاری اور ثقافتی منصوبوں سے منسلک کرنے کے اقدامات بھی زیرِ بحث ہیں۔
