سیاست
جاوید اختر کا طالبان وزیرِ خارجہ کو دیے گئے بھارتی استقبال پر سخت ردعمل
بھارت کے معروف نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر نے افغان طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کو بھارت میں دیے گئے سرکاری استقبال پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ “شرمندگی سے ان کا سر جھک گیا ہے۔”
امیر خان متقی اس وقت بھارت کے چھ روزہ دورے پر ہیں، جو 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کسی طالبان رہنما کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ جاوید اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا، “مجھے شرم آتی ہے جب میں دیکھتا ہوں کہ دنیا کے بدترین دہشت گرد گروہ طالبان کے نمائندے کو وہی لوگ عزت دے رہے ہیں جو ہر موقع پر دہشت گردی کے خلاف تقاریر کرتے ہیں۔”
جاوید اختر کے بیان نے بھارتی سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا بھارت اپنی دہشت گردی مخالف پالیسیوں سے پیچھے ہٹ رہا ہے یا یہ محض سفارتی ضرورت ہے۔
