سیاست
نمرہ اور اسد طویل خاموشی کے بعد دوبارہ منظرِ عام پر، مداح حیران
سوشل میڈیا کی معروف جوڑی نمرہ اور اسد کافی عرصے بعد ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئی ہے، جس پر مداحوں نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔
نمرہ اور اسد نے سال 2020 میں کم عمری میں شادی کر کے سوشل میڈیا پر غیر معمولی شہرت حاصل کی تھی۔ دونوں کلاس میٹ تھے اور ان کی شادی کی تصاویر اور وی لاگز انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہوئے تھے۔
بعد ازاں اس جوڑی نے فیملی ولاگنگ سے مکمل کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس دوران اسد کبھی کبھار اپنے کاروبار اور بطور والد زندگی کے تجربات شیئر کرتے رہے، جبکہ نمرہ مکمل طور پر پردے کے پیچھے رہیں۔
اب طویل وقفے کے بعد دونوں پہلی مرتبہ ایک ساتھ ایک ویڈیو میں نظر آئے ہیں، جہاں انہوں نے اپنے نئے اسکن کیئر برانڈ کی تشہیر کی۔
ویڈیو پیغام میں اسد اور نمرہ نے بتایا کہ انہوں نے فیملی ولاگنگ چھوڑنے کے بعد ایک نئے مقصد کے تحت اسکن کیئر کے شعبے میں قدم رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں اعلیٰ معیار کی کوریائی مصنوعات کے سستے اور معیاری متبادل متعارف کروانا چاہتے ہیں تاکہ لوگ کم قیمت میں بہتر مصنوعات حاصل کرسکیں۔
اس ویڈیو میں سب سے زیادہ توجہ نمرہ کے نئے انداز نے حاصل کی، جو مکمل حجاب اور نقاب میں نظر آئیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے نمرہ کے اس سادہ اور باوقار انداز کو بے حد پسند کیا اور ان کی تعریف کی۔ کئی مداحوں کا کہنا تھا کہ شہرت کے بعد جہاں اکثر لوگ جدید طرزِ زندگی کی طرف بڑھتے ہیں، وہیں نمرہ نے سادگی اور پردے کو ترجیح دے کر ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔
مداحوں نے اسد اور نمرہ کے نئے کاروباری سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
