کھیل
محمد صلاح کی قیادت میں مصر کا ورلڈ کپ 2026 کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان
مصر نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 27 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت عالمی شہرت یافتہ فٹبالر محمد صلاح کریں گے۔
مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج پیش کیا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا۔
اسکواڈ میں نوجوان ٹیلنٹ حمزہ عبدالکریم کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جو اس وقت ایف سی بارسلونا کے انڈر 19 اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ حالیہ عرصے میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں مصر کے ابھرتے ہوئے فارورڈز میں شامل کر دیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی کلب نانٹس کے فارورڈ مصطفیٰ محمد کو غیر متوقع طور پر ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جس پر فٹبال حلقوں میں بحث جاری ہے۔
محمد صلاح کے لیے یہ ممکنہ طور پر آخری ورلڈ کپ ہو سکتا ہے، اور شائقین کو امید ہے کہ وہ مصر کو عالمی سطح پر بڑی کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
