سیاست
ایشلے سینٹ کلیئر نے ایلون مسک سے تعلق اور بچے سے متعلق اہم انکشافات کر دیے
معروف امریکی مصنفہ اور انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیئر نے پہلی بار تفصیل سے بتایا ہے کہ انہوں نے دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک کے بچے کی ماں بننے کا فیصلہ کیوں کیا۔
ایشلے سینٹ کلیئر کے مطابق جب ان کی ملاقات ایلون مسک سے ہوئی تو وہ پہلے ہی ایک بچے کی ماں تھیں اور سنگل مدر کے طور پر زندگی گزارنا ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر وقت بچوں کے اخراجات، بلوں اور مالی مسائل کی فکر رہتی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ایلون مسک نے ان سے مزید بچوں کے بارے میں گفتگو کی اور کہا کہ ان کے لیے سب سے محدود چیز وقت ہے۔ ایشلے کے مطابق ایک ایسے شخص کے ساتھ خاندان بڑھانے کا خیال، جو بچوں کی خواہش رکھتا ہو اور جہاں مالی استحکام موجود ہو، انہیں بہت پرکشش محسوس ہوا۔
ایشلے سینٹ کلیئر نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں اکثر والدین ہر مہینے کے اخراجات کے دباؤ میں رہتے ہیں، اسی لیے مالی استحکام ان کے فیصلے میں ایک اہم عنصر تھا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حمل سے پہلے ان کے اور ایلون مسک کے درمیان گہرے جذباتی تعلقات تھے، تاہم حاملہ ہونے کے بعد مسک کے رویے میں تبدیلی آنا شروع ہو گئی۔ ان کے مطابق بعد میں چیزیں غیر معمولی ہو گئیں اور ایلون مسک کی باتیں ان کے سابقہ وعدوں سے مختلف محسوس ہونے لگیں۔
ایشلے نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بچے کی پیدائش کو تقریباً پانچ ماہ تک خفیہ رکھا تاکہ بچے کی پرائیویسی اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں گزشتہ سال فروری میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ ان کے بچے کے والد ایلون مسک ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایشلے سینٹ کلیئر نے الزام عائد کیا کہ ایلون مسک کی جانب سے دی جانے والی مالی معاونت میں کمی کی گئی۔ ان کے مطابق ابتدائی طور پر انہیں ایک لاکھ ڈالر ماہانہ دیے جاتے تھے، جو بعد میں کم کر کے چالیس ہزار اور پھر بیس ہزار ڈالر کر دیے گئے۔
یاد رہے کہ ایشلے اور ایلون مسک کی پہلی ملاقات مئی 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کے مختلف خواتین سے مجموعی طور پر 14 بچے ہیں۔
