فن و ثقافت
بشریٰ انصاری کے عشق میں اسلام آباد کے چکر لگاتا تھا، اقبال حسین کا دلچسپ انکشاف
پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور معروف ہدایت کار اقبال حسین نے اپنی محبت اور پہلی ملاقات سے متعلق دلچسپ یادیں شیئر کی ہیں۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اقبال حسین نے انکشاف کیا کہ وہ نوجوانی کے زمانے سے ہی بشریٰ انصاری کے بڑے مداح تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کالج کے دنوں میں وہ رسالوں سے بشریٰ انصاری کی تصاویر کاٹ کر اپنے پاس محفوظ رکھتے تھے۔
اقبال حسین نے بتایا کہ وہ اکثر اسلام آباد بھی جایا کرتے تھے کیونکہ بشریٰ انصاری وہاں کام کرتی تھیں، تاہم اس وقت بشریٰ انصاری کو ان کے جذبات کا کوئی اندازہ نہیں تھا۔
دوسری جانب بشریٰ انصاری نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں ایک ٹی وی شو کے دوران ان کی اقبال حسین سے پہلی باضابطہ ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس وقت انہوں نے اقبال حسین کے بالوں کے انداز پر مذاق بھی کیا تھا۔
بشریٰ انصاری کے مطابق اقبال حسین نے اس مذاق کا کوئی جواب نہیں دیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ انہیں سامنے دیکھ کر اتنے متاثر تھے کہ کچھ بول ہی نہیں پائے تھے۔
جوڑے کے مطابق یہی ملاقات بعد میں ایک خوبصورت رشتے میں بدل گئی اور برسوں بعد دونوں نے زندگی کا سفر ایک ساتھ شروع کیا۔
