فن و ثقافت
شاہ رخ خان کی پاکستان آمد کی خواہش، بچوں کے ساتھ پشاور آنے کی امید ظاہر کر دی
بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک دن اپنے بچوں کے ساتھ پشاور آ کر اپنا آبائی علاقہ دکھانا چاہتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کی دعوت دیتی نظر آتی ہیں۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ شاہ رخ خان بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی بے حد مقبول ہیں۔ اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ ان کے خاندان کا تعلق پشاور سے رہا ہے اور ان کے کچھ رشتہ دار آج بھی قصہ خوانی کے علاقے میں مقیم ہیں۔
شاہ رخ خان نے بتایا کہ پشاور کا تاریخی قصہ خوانی بازار اپنی روایتی قہوہ خانوں، چپلی کباب، تکہ کباب، خشک میوہ جات اور قصہ گوئی کی روایت کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے انہیں دورۂ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اب تو ان کے پاس پشاور آنے کی ایک بہترین وجہ موجود ہے۔ اس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا،
’’ان شاء اللہ میں ضرور آؤں گا۔ دراصل میں چاہتا ہوں کہ اپنے بچوں کو وہاں لے جاؤں اور انہیں اپنا آبائی علاقہ دکھاؤں۔ میں خود وہاں جا چکا ہوں۔‘‘
اداکار نے مزید بتایا کہ ان کے والد انہیں پہلی بار پندرہ سال کی عمر میں پشاور لے گئے تھے اور اگلے سال دوبارہ بھی لے گئے، جس کے بعد ان کا انتقال ہو گیا۔
شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے والد کے ساتھ جو سب سے خوبصورت وقت گزارا وہ پشاور اور سوات میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ لاہور اور کراچی سمیت کئی شہروں میں جا چکے ہیں، لیکن ان کی خواہش ہے کہ ایک دن وہ اپنے بچوں کو بھی ان مقامات پر لے جا سکیں جو ان کے دل کے قریب ہیں۔
