Connect with us

فن و ثقافت

اگر اختیار ہو تو قائدِاعظم کی تصویر کرنسی نوٹوں سے ہٹا دوں، شہزاد نواز کے بیان پر سوشل میڈیا پر بحث

Published

on

معروف اداکار اور پوڈکاسٹ میزبان شہزاد نواز کا ایک بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ اگر اختیار ان کے پاس ہو تو وہ پاکستانی کرنسی نوٹوں سے بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی تصویر ہٹا دیں گے۔

اپنے حالیہ پوڈکاسٹ میں اداکار علی سفینہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شہزاد نواز نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی، رشوت ستانی اور سماجی رویوں پر تنقید کی۔ گفتگو کے دوران علی سفینہ نے اس رجحان کی نشاندہی کی کہ مختلف ادوارِ حکومت میں قومی شخصیات کی نمائندگی اور سرکاری مقامات پر تصاویر تبدیل ہوتی رہتی ہیں، حتیٰ کہ بعض اوقات قوم کے معماروں کی تصاویر ہٹا کر سیاسی رہنماؤں کی تصاویر نمایاں کر دی جاتی ہیں۔

اس پر ردعمل دیتے ہوئے شہزاد نواز نے کہا کہ اگر ان کے اختیار میں ہو تو وہ قائدِاعظم کی تصویر تمام کرنسی نوٹوں سے ہٹا دیں، کیونکہ معاشرے میں کرپشن، رشوت اور فراڈ عام ہو چکے ہیں جبکہ انہی نوٹوں پر قائدِاعظم کی تصویر موجود ہوتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف حکومتوں کے ادوار میں کرنسی نوٹوں پر درج تحریروں میں بھی تبدیلیاں کی گئیں۔ ان کے مطابق جنرل ضیاء الحق کے دور میں “حلال روزی عبادت ہے” کا جملہ نمایاں طور پر موجود تھا، تاہم بعد میں اس کی اہمیت کم ہوتی گئی۔

شہزاد نواز کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے اسے معاشرے میں موجود کرپشن کے خلاف ایک علامتی احتجاج قرار دیا، جبکہ دیگر افراد نے قائدِاعظم کی تصویر ہٹانے کی تجویز سے اختلاف کرتے ہوئے اسے نامناسب اور غیر ضروری قرار دیا۔

واضح رہے کہ شہزاد نواز حالیہ عرصے میں اپنے پوڈکاسٹس کے ذریعے سماجی مسائل، بدعنوانی، طرزِ حکمرانی اور قومی رویوں پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے رہے ہیں، جس کے باعث ان کے بیانات اکثر عوامی توجہ حاصل کرتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *