فن و ثقافت
دلجیت دوسانجھ کی شہریت سے متعلق افواہیں، مداح حیران
معروف پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنی شہریت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے باعث توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ نے ممکنہ طور پر 2022 میں امریکی شہریت حاصل کر لی تھی اور اب وہ بھارتی پاسپورٹ کے بجائے امریکی پاسپورٹ پر سفر کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ستمبر 2022 میں امریکی شہریت حاصل کرنے کے بعد دلجیت نے بھارتی پاسپورٹ رکھنا چھوڑ دیا، جبکہ بھارت آمد کے لیے وہ ای ویزا استعمال کرتے ہیں۔ بعض رپورٹس میں یہ تاثر بھی دیا گیا ہے کہ ان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (OCI) کارڈ بھی موجود نہیں۔
مزید دعوؤں میں کہا گیا ہے کہ دلجیت کا آخری بھارتی پاسپورٹ 2018 میں ممبئی سے جاری ہوا تھا، جبکہ ان کی اہلیہ سندیپ کور پہلے ہی امریکی شہری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دلجیت نے اپنے سرکاری کاغذات میں کیلیفورنیا کی رہائش ظاہر کی ہے۔
دلجیت دوسانجھ اکثر اپنے کنسرٹس اور اسٹیج شوز میں ’میں ہوں پنجاب‘ کا نعرہ لگاتے ہیں، جس کی وجہ سے مداح انہیں پنجابی ثقافت کی مضبوط علامت سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی ممکنہ شہریت کی تبدیلی کی خبریں مداحوں کیلئے حیران کن ثابت ہو رہی ہیں۔
تاہم ان تمام افواہوں کے باوجود دلجیت دوسانجھ نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی خبروں کی تصدیق یا تردید کی ہے۔
دلجیت نے حال ہی میں سیاست میں آنے کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد صرف لوگوں کو محظوظ کرنا ہے اور وہ سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
شہریت سے متعلق خبروں کے باوجود دلجیت بھارتی فلم انڈسٹری میں بدستور متحرک ہیں۔ وہ حالیہ دنوں میں سنی دیول کی فلم “بارڈر 2” میں نظر آئے جبکہ ان کی نئی فلم “میں واپس آؤں گا” 12 جون 2026 کو ریلیز ہونے والی ہے۔
