فن و ثقافت
خلیل الرحمٰن قمر کا بڑا انکشاف: ’ہیرا منڈی‘ کا اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش کیوں ٹھکرا دی؟
معروف پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی منصوبے ’ہیرا منڈی‘ کے لیے اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش کی گئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔
ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں یہ منصوبہ ایک فلم کے طور پر تیار کیا جا رہا تھا جس کا نام ’منڈی‘ رکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس موضوع کو ایک طرح سے ممنوع سمجھا جاتا رہا ہے، حالانکہ سعادت حسن منٹو نے اس موضوع پر لکھا، مگر معاشرے نے انہیں مکمل طور پر قبول نہیں کیا۔
خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ انہیں بھارت سے متعدد طویل فون کالز موصول ہوئیں، تاہم انہوں نے ابتدا میں حب الوطنی کی بنیاد پر اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ بعد ازاں انہوں نے شرط رکھی کہ پاکستانی لکھاری کو بھی وہی عزت دی جائے جو یہاں بھارتی فنکاروں کو دی جاتی ہے۔
ان کے مطابق انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر عزت دی جائے تو وہ مفت میں بھی اسکرپٹ لکھنے کو تیار ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے 2015 میں بھی اس پیشکش کو ٹھکرا دیا اور واضح کیا کہ وہ نریندر مودی کے دورِ حکومت میں بھارت نہیں جائیں گے۔
ایک اور انٹرویو میں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اپنی والدہ سے قربت کم رہی، حالانکہ انہوں نے ان کے لیے بہت قربانیاں دیں۔ انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر کلیجی کھانے کی خواہش پر والدہ نے دوبارہ انتظام کیا جب گوشت خراب ہو گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے والد کے زیادہ قریب تھے، جبکہ کم عمری میں لکھنے کے شوق پر انہیں والد کی جانب سے سختی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق جب وہ صرف 15 سال کے تھے تو ان کی والدہ سرطان میں مبتلا ہو گئیں اور 18 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ انسان اکثر والدین کی قدر ان کی زندگی میں نہیں کرتا، لیکن ان کے دنیا سے جانے کے بعد ان کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔
