Connect with us

سیاست

پاکستان دنیا میں چمک رہا ہے، مشرقی سرحد کے دوسری طرف تاریکی ہے، عطا اللہ تارڑ

Published

on

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت دنیا میں عزت، وقار اور کامیابی کے ساتھ ابھر رہا ہے جبکہ مشرقی سرحد کے دوسری طرف صرف تنہائی، ناکامی اور رسوائی ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سفارتی اور عسکری سطح پر پاکستان نے دنیا میں اپنا ایک مؤثر مقام بنایا ہے اور عالمی برادری پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑ رہا ہے جبکہ مشرقی سرحد کے اُس پار سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی کبھی مذمت تک نہیں کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی میں ملوث عناصر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور دنیا کے سامنے ثبوت پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا بھر میں امن کے علمبردار کے طور پر سامنے آیا ہے اور سفارتی سطح پر بھی پاکستان نے کامیاب حکمت عملی اپنائی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعے پر پاکستان نے ثبوت طلب کیے لیکن بھارت کے پاس خاموشی کے علاوہ کوئی جواب موجود نہیں تھا۔ ان کے مطابق بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر طبقہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہا ہے، چاہے وہ آرمی پبلک اسکول کا سانحہ ہو یا جعفر ایکسپریس کا واقعہ۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں لوگ پاکستان سے تعلق پر فخر محسوس کرتے ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دوسری جانب ایک ایسا ملک موجود ہے جہاں کبھی کلبھوشن جیسے افراد پکڑے جاتے ہیں اور کبھی ابھینندن جیسے واقعات سامنے آتے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *