Connect with us

سیاست

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کریں گے، بیرسٹر گوہر

Published

on

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو ان کی جماعت بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کرے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ 34 ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر رولنگ جاری کی جائے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی قومی اسمبلی کے رکن ہوتے تو ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جا سکتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے تین مرتبہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی کوشش کی، تاہم اپوزیشن کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آنے والا بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا کیونکہ ملک پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور عوام کو ریلیف کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ایک روزہ اجلاس پر چھ کروڑ روپے سے زائد خرچ آتا ہے جبکہ کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو بھی پارلیمنٹ میں آ کر عوامی نمائندوں کے سوالات کا جواب دینا چاہیے اور اگر یہ حقیقی جمہوری حکومت ہوتی تو پارلیمنٹ کو نظر انداز نہ کیا جاتا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *