سیاست
دنیا کے 10 محفوظ ترین ممالک کی فہرست جاری، آئس لینڈ مسلسل 19ویں سال بھی سرفہرست
انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس کی جانب سے گلوبل پیس انڈیکس 2026 جاری کر دیا گیا ہے، جس میں دنیا کے محفوظ ترین اور پرامن ممالک کی نئی درجہ بندی سامنے آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یورپی ملک آئس لینڈ مسلسل 19ویں سال دنیا کا سب سے پرامن ملک قرار پایا ہے۔ آئس لینڈ میں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے جبکہ ملک میں باقاعدہ فوج بھی موجود نہیں، جس کی وجہ سے یہ عالمی امن کی درجہ بندی میں مسلسل سرفہرست رہا ہے۔
فہرست میں نیوزی لینڈ دوسرے، سوئٹزرلینڈ تیسرے، سلووینیا چوتھے اور آئرلینڈ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریا چھٹے، پرتگال ساتویں، سنگاپور آٹھویں، فن لینڈ نویں جبکہ جاپان دسویں نمبر پر آ گیا ہے۔ جاپان نے گزشتہ سال کے مقابلے میں تین درجے ترقی حاصل کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان ممالک میں کم جرائم، سیاسی استحکام، مضبوط ادارے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امن اور استحکام راتوں رات حاصل نہیں ہوتے بلکہ ان کے لیے دہائیوں پر محیط پالیسیوں اور مؤثر حکمرانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرامن ممالک میں تشدد سے ہونے والا معاشی نقصان جی ڈی پی کا اوسطاً 2.2 فیصد ہے جبکہ بدامن ممالک میں یہ شرح 23 فیصد سے تجاوز کر جاتی ہے۔
رپورٹ میں عالمی سطح پر امن کی بگڑتی صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ گزشتہ بارہ برسوں سے دنیا میں مجموعی امن مسلسل کم ہو رہا ہے جبکہ داخلی اور خارجی تنازعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اس سال چار درجے تنزلی کے بعد 134ویں نمبر پر آ گیا ہے، جہاں سیاسی عدم استحکام اور سیاسی تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ گلوبل پیس انڈیکس کسی ملک کی مجموعی امن و امان، داخلی استحکام اور سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتا ہے اور اسے صرف سیاحتی تحفظ کا پیمانہ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
