سیاست
وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ، حملہ آور کا مبینہ ہدف ڈونلڈ ٹرمپ
وائٹ ہاؤس کے قریب پیش آنے والے فائرنگ کے ایک واقعے نے امریکی سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے، جہاں حملہ آور نے تقریباً 8 گولیاں چلائیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والا ایک پولیس اہلکار علاج کے بعد اسپتال سے ڈسچارج ہو گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس نے سیکیورٹی اداروں کے لیے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ٹیم نے مشتبہ شخص کے گھر کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تلاشی کے لیے وارنٹ حاصل کرنے کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔
امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق حملہ آور کا مقصد زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش بیان دیا کہ اس کا اصل ہدف ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور وہ ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتا تھا۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سیکیورٹی ادارے اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ حملہ کسی بڑی سازش کا حصہ تھا یا نہیں۔
