Connect with us

سیاست

مظفرآباد میں بڑا انٹیلی جنس آپریشن، ’را‘ سے مبینہ تعلق رکھنے والے 5 افراد گرفتار

Published

on

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ طور پر وابستہ پانچ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں ایک ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے ابتدائی تفتیش کے دوران اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔ ابتدائی جانچ پڑتال میں حساس نوعیت کے مواد اور مشکوک روابط سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا، جس میں سات خودکار ہتھیار، متعدد دستی بم اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے حساس مقامات اور تنصیبات کے نقشے، مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق دستاویزات اور دیگر ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے، جنہیں تفتیش کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کا فرانزک تجزیہ جاری ہے جبکہ ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت کے ذرائع اور نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا گیا ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *