سیاست
لاہور میں گھریلو جھگڑوں کے دو دلخراش واقعات: باپ کے ہاتھوں بیٹی قتل، دوسری لڑکی نے خودکشی کرلی
لاہور میں گھریلو جھگڑوں کے دو افسوسناک واقعات نے شہر کو سوگوار کر دیا ہے۔ کاہنہ صوئے اصل میں ایک باپ نے شک کی بنیاد پر اپنی 22 سالہ بیٹی ثمینہ کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کر دیا۔ ایدھی ترجمان کے مطابق باپ بیٹی کے درمیان گھریلو تنازع شدت اختیار کر گیا، جس پر والد نے مشتعل ہو کر ڈنڈے سے بیٹی پر حملہ کیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرکے ملزم اسلم کو آزاد ٹاؤن سے گرفتار کرلیا جبکہ آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق قتل کی وجہ باپ کا بیٹی پر شک تھا۔
دوسری جانب سبزہ زار کے علاقے سیدپور میں 18 سالہ لڑکی ارم نے گھریلو جھگڑے سے دل برداشتہ ہو کر مبینہ طور پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ لاش کو مردہ خانے منتقل کیا گیا ہے۔
