سیاست
عمران خان نے کہا ہے قوم کو بتادو آزادی یا موت کا وقت آگیا، علیمہ خان
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہنوں نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے قوم کو پیغام دیا ہے کہ ’’وقت آ گیا ہے، آزادی یا موت‘‘۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ دو ہفتوں سے قید تنہائی میں ہیں اور اہلِ خانہ کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی پریس کانفرنس نہیں کرتی تھیں لیکن اب حالات نے انہیں ایسا کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق احتجاج کے دوران خواتین اور منتخب نمائندوں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی، انہیں دھکے دیے گئے اور فٹ پاتھ پر بیٹھے مظاہرین پر پانی چھوڑا گیا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ خواتین کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا گیا، چادریں کھینچی گئیں اور مردوں اور عورتوں کو ایک ہی قیدی وین میں بند کیا گیا۔ علیمہ خان نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود انہیں اپنے بھائی سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ عمران خان نے قوم سے کہا ہے کہ ’’تیار ہو جائیں، آزادی یا موت کا وقت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کو بانی پی ٹی آئی کی صحت اور حالات کا شدید خدشہ ہے اور وہ کسی کے بھروسے پر تیار نہیں۔
نورین نیازی نے اپنی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو بھی جیل میں رکھا گیا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ تحریک انصاف کے بانی ملک کے مستقبل میں رکاوٹ نہیں بلکہ قربانی دینے پر آمادہ ہیں اور ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ معافی مانگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کو نہیں بھولیں گے۔
