Connect with us

سیاست

خطبۂ حج 2026: تقویٰ اختیار کرو، اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے — امام شیخ علی الحذیفی

Published

on

مکہ مکرمہ: حج 2026 کے موقع پر مسجد نمرہ میں امیرِ حج اور امام مسجد نبوی ﷺ الشیخ علی عبدالرحمان الحذیفی نے خطبۂ حج دیتے ہوئے امت مسلمہ کو تقویٰ، توحید اور اخلاص کی تلقین کی۔

انہوں نے کہا کہ تقویٰ ایمان والوں کی پہچان ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ خطبے میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی حق ہے، وہی مردوں کو زندہ کرے گا اور قیامت کے دن تمام انسان دوبارہ اٹھائے جائیں گے۔

الشیخ علی الحذیفی نے کہا کہ قیامت کا دن انتہائی ہولناک ہوگا، اس دن ماں اپنے بچوں اور بچے اپنی ماؤں کو بھول جائیں گے، اس لیے ہر مسلمان کو آخرت کی تیاری کرنی چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ توحید اختیار کرنا، اللہ کی عبادت کرنا، نماز قائم کرنا، روزے رکھنا، زکوٰۃ و خیرات دینا اور حج ادا کرنا اسلام کے بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیمؑ کو حج کی دعوت دینے کا حکم دیا تھا اور آج دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان اسی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے عرفات میں جمع ہیں۔

خطبۂ حج میں امام الحذیفی نے مسلمانوں کو اتحاد و بھائی چارے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حج مسلمانوں کے درمیان محبت، مساوات اور اخوت کا عظیم مظہر ہے۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ دورانِ حج دھکم پیل اور ایک دوسرے کو تکلیف پہنچانے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ عرفہ کی دعا سب سے افضل دعا ہے اور اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کو بے حساب اجر عطا فرماتا ہے۔ انہوں نے امت مسلمہ کی سلامتی، اتحاد اور تمام حجاج کی عبادات کی قبولیت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

واضح رہے کہ میدان عرفات میں دنیا بھر سے آئے 18 لاکھ سے زائد عازمین حج نے خطبۂ حج سننے کے بعد نماز ظہر ادا کی جبکہ شام تک وقوفِ عرفات کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *