سیاست
ایران کی مزاحمتی فکر کی بنیاد پر غزہ و لبنان مضبوط محاذ بنا چکے ہیں، امریکا و اسرائیل کو تاریخی شکست ہوئی: آیت اللہ خامنہ ای
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر اہم خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اور لبنان کی مزاحمتی تحریکیں دراصل ایرانی انقلاب کی اقدار اور اصولوں پر قائم ہیں جنہوں نے خطے میں ظلم کے خلاف ایک مضبوط محاذ تشکیل دیا ہے۔
اپنے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایرانی قوم نے حالیہ بارہ روزہ جنگ میں امریکا اور صیہونی رژیم کو ’’واضح اور تاریخی شکست‘‘ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن پوری تیاری کے ساتھ آیا، شر پھیلانے کی کوشش کی، مگر آخرکار ناکام اور خالی ہاتھ واپس لوٹ گیا۔
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت نے اس جنگ کی بیس سال تک منصوبہ بندی کی تھی، لیکن وہ ایرانی دفاعی نظام اور قومی مزاحمت کے سامنے اپنے اہداف کے حصول میں ناکام رہی۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملے کے دوران بھرپور کوشش کی، مگر انہیں اپنے مقاصد میں ناکامی کے سوا کچھ نہ ملا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی قوم کی استقامت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور علاقائی مزاحمتی قوتیں ایرانی نظریے سے مسلسل تقویت حاصل کر رہی ہیں۔
