سیاست
آسٹریلیا نے بھارتی طلبہ کے لیے ویزا قوانین مزید سخت کر دیے
آسٹریلیا نے بھارتی طلبہ کے لیے اسٹوڈنٹ ویزا قوانین مزید سخت کرتے ہوئے بھارت کو نیپال، بنگلہ دیش اور بھوٹان کے ساتھ ’’سب سے زیادہ خطرے‘‘ کیٹیگری میں شامل کر دیا ہے۔
آسٹریلوی اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ معمول کے شیڈول سے ہٹ کر کیا گیا، جس کے باعث آسٹریلیا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند بھارتی طلبہ میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا نظام میں سامنے آنے والے ’’نئے دیانت داری کے خدشات‘‘ کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا، تاہم بھارت کو اس کیٹیگری میں شامل کرنے کی کوئی واضح اور تفصیلی وجہ سرکاری طور پر بیان نہیں کی گئی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق حالیہ عرصے میں جعلی ڈگریوں اور جعلی تعلیمی دستاویزات کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے بعد آسٹریلوی امیگریشن حکام نے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا۔
نئی درجہ بندی کے بعد بھارتی طلبہ کی ویزا درخواستوں کی جانچ پڑتال مزید سخت ہو جائے گی، جس میں دستاویزات کی کڑی تصدیق، ویزا پراسیسنگ میں تاخیر اور درخواستوں کے مسترد ہونے کے امکانات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت آسٹریلیا کے لیے بین الاقوامی طلبہ فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے، اور بھارتی طلبہ آسٹریلوی تعلیمی معیشت میں اربوں ڈالر کا حصہ ڈالتے ہیں۔ اس فیصلے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے تعلیمی روابط متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس فیصلے پر طلبہ، تعلیمی مشیروں اور اداروں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ آسٹریلوی حکام سے شفافیت اور وضاحت کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔
