سیاست
سابق سینیٹر مشتاق احمد کا نئی سیاسی جماعت ’’پاکستان رائٹس موومنٹ‘‘ کے قیام کا اعلان
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت ’’پاکستان رائٹس موومنٹ‘‘ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک میں آئینی بالادستی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی انصاف کو فروغ دینا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان رائٹس موومنٹ کی باضابطہ تاسیس کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کی مرکزی قیادت، کارکنان، رفقا اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ ان کی جماعت 1973 کے آئین کے مطابق کام کرے گی، جو حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کو تسلیم کرتا ہے اور اسلامی اصولوں کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عام آدمی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے، اسی لیے پاکستان رائٹس موومنٹ برابری کی بنیاد پر تمام شہریوں کی خدمت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اہم مقاصد میں چند طبقات کی اجارہ داری کا خاتمہ، سماجی و معاشی انصاف کا قیام، فوری اور سستا انصاف، آزادیٔ اظہار کا تحفظ، تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی، غربت اور کرپشن کا خاتمہ، ماورائے عدالت قتل اور ملٹری آپریشنز کا اختتام، اور وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی شامل ہے۔
سابق سینیٹر نے موجودہ پارلیمانی نظام کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافت اور اظہارِ رائے پر پابندیاں عائد ہیں، جبکہ بے روزگاری، مہنگائی، غذائی عدم تحفظ، منشیات، ماحولیاتی آلودگی اور کرپشن سنگین مسائل کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے دفاعی بجٹ، اشرافیہ کی اجارہ داری، آئی پی پیز کو ادائیگیوں، نوجوانوں کی بدحالی اور انسانی اسمگلنگ پر بھی تنقید کی۔ مشتاق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ملٹری آپریشن سے قبل عوام، منتخب اسمبلیوں اور علاقائی جرگوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ افواج سیاست سے دور رہیں، سرحدوں کو مؤثر طریقے سے محفوظ بنایا جائے اور ملک کو درست سمت میں لے جانے کے لیے باصلاحیت اور دیانتدار قیادت سامنے لائی جائے۔
