سیاست
وفاق نے 5300 ارب کی کرپشن کی ہے، حکمران بیرون ملک جزیرے خریدنے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا جاب فیئر 2025 میں خطاب
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا ہے کہ وفاقی حکومت 5 ہزار 300 ارب روپے کی کرپشن کر چکی ہے، اور یہ رقم حکمرانوں کی ذاتی نہیں بلکہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمران بیرونِ ملک جزیرے خریدنے جا رہے ہیں، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ اپنے حکمرانوں سے سوال کریں۔
وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور میں منعقدہ جاب فیئر 2025 میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس اقدام کے تحت تقریباً دو ہزار طلباء باقاعدہ ایمپلائرز کے ساتھ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور انٹرن شپ پالیسی متعارف کروا رہی ہے۔ “ہم اپنے نوجوانوں کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے،” انہوں نے کہا۔
سہیل آفریدی نے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی توانائی سنبھال کر رکھیں کیونکہ آگے بہت سا کام کرنا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ پروگراموں میں اردو زبان استعمال کی جائے تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ صوبے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ کی طالبات کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میری بہنوں! آپ نے گھبرانا نہیں، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں۔”
مالی اور انتظامی امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 دسمبر کو ہونے والے این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کے حصے کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال گزرنے کے باوجود ضم اضلاع کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ “14.6 فیصد حصہ بنتا ہے جو سالانہ 19 فیصد کے برابر ہے، لیکن یہ صوبے کو نہیں مل رہا۔” انہوں نے بتایا کہ ضم علاقوں کا حق ساڑھے تین سو سے چار سو ارب روپے سالانہ بنتا ہے، مگر خیبر پختونخوا کو یہ رقم نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے صوبے کی تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی کہ پیر کے روز اس موضوع پر سیمینار منعقد کریں۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ناحق جیل میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ القادر یونیورسٹی — جہاں سیرت النبی ﷺ پڑھائی جاتی ہے — کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مگر سب خاموش ہیں اور میڈیا بھی بات نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا: “میں اپنے آخری خون کے قطرے تک آپ کے حق کے لیے کھڑا ہوں۔”
