سیاست
پنجاب میں مفت سفر کی سہولت ختم، کل سے میٹرو، اورنج لائن اور بسوں میں کرایہ ادا کرنا ہوگا
پنجاب حکومت نے عوام کے لیے فراہم کی جانے والی مفت ٹرانسپورٹ سہولت ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد کل سے تمام مسافروں کو دوبارہ مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ کے مطابق یہ فیصلہ لاہور کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والے ماس ٹرانزٹ سسٹمز پر بھی لاگو ہوگا۔
اس فیصلے کے تحت اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، اسپیڈو بس اور گرین بس سروسز سمیت تمام بڑے عوامی سفری منصوبوں میں مفت سفر کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے اور کرایہ وصولی کا نظام بحال کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے اپریل 2026 میں مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے شہریوں کو مفت سفری سہولت فراہم کی تھی۔
حکام کے مطابق اس اسکیم سے روزانہ تقریباً 8 لاکھ شہری مستفید ہو رہے تھے۔ صرف اورنج لائن ٹرین پر روزانہ تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار جبکہ میٹرو بس سروس پر ایک لاکھ سے زائد افراد مفت سفر کی سہولت استعمال کر رہے تھے۔
اب اسکیم کی مدت مکمل ہونے کے بعد تمام مسافروں کو دوبارہ مقررہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
