سیاست
سترہ سال تک بغیر مکمل لائسنس 900 سے زائد پروازیں اڑانے والا ایئر کینیڈا کا سابق کپتان گرفتار
کینیڈا کی معروف فضائی کمپنی ایئر کینیڈا کے سابق کپتان جیفری وال کو مبینہ طور پر مطلوبہ اعلیٰ پائلٹ لائسنس کے بغیر 17 سال تک سینکڑوں پروازیں چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پیل ریجنل پولیس کے مطابق چار ماہ کی تحقیقات کے بعد 59 سالہ جیفری وال پر دھوکہ دہی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور حکام کو گمراہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ تحقیقات میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہوں نے 2009 سے 2025 تک 900 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں اڑائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ جیفری وال کے پاس کمرشل پائلٹ لائسنس موجود تھا، تاہم ان کے پاس ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس (ATPL) نہیں تھا، جو بڑے مسافر بردار طیاروں کی کپتانی کے لیے لازمی قانونی شرط سمجھی جاتی ہے۔
پیل ریجنل پولیس کے چیف نشان دورائیہ پا نے اس معاملے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کے اعتماد اور فضائی تحفظ کے نظام پر سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے برسوں تک ریگولیٹری نظام کو دھوکا دے کر لاکھوں مسافروں کی جانوں کو ممکنہ خطرے سے دوچار کیا۔
دوسری جانب ایئر کینیڈا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی مسافروں کی حفاظت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ ایئر لائن کے مطابق تمام پائلٹس ہر چھ ماہ بعد تربیتی جائزے اور سالانہ فلائٹ چیک سے گزرتے ہیں اور جیفری وال ان تمام ٹیسٹوں میں کامیاب رہے تھے۔
ایئر کینیڈا کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اس معاملے کا علم ہوا، متعلقہ پائلٹ کو فوری طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا اور معاملہ رضاکارانہ طور پر ٹرانسپورٹ کینیڈا کے سامنے پیش کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ صرف ایک فرد کی دھوکہ دہی کا معاملہ نہیں بلکہ لائسنس کی تصدیق اور نگرانی کے نظام کی کمزوریوں کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔
یہ مقدمہ اب کینیڈا میں فضائی حفاظت، لائسنسنگ اور ریگولیٹری نگرانی کے نظام کے لیے ایک اہم امتحان سمجھا جا رہا ہے، جبکہ حتمی فیصلہ عدالت میں قانونی کارروائی کے بعد ہوگا۔
